چیئرمین پی سی بی یا وزارت،ایک عہدہ کی سہولیات لے سکتے ہیں:آڈیٹر جنرل

چیئرمین پی سی بی یا وزارت،ایک عہدہ  کی سہولیات لے سکتے ہیں:آڈیٹر جنرل

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) آڈیٹر جنرل پاکستان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو چیئرمین کی رہائش ،پٹرول اور یوٹیلٹی چارجز کے 41 لاکھ روپے واپس لینے کی سفارش کی ہے۔

 آڈیٹر جنرل رپورٹ -2025 -2024 کے مطابق چیئرمین پی سی بی وفاقی وزیر کے عہدے پر تعینات ہیں اور ایک عہدے کی سہولیات حاصل کر سکتے ہیں، پی سی بی نے فروری 2024 تا جون 2024 چیئرمین کی لاہور رہائش گاہ پر یوٹیلٹی چارجز کی مد میں 24 لاکھ 50 ہزار، فارچونر گاڑی نمبر 135-SAJ کے پٹرول کی مد میں 5 لاکھ 63 ہزار 373 روپے ، سرینا ہوٹل اسلام آباد میں رہائش کے چارجز کی مد میں 11 لاکھ 60 ہزار روپے اخراجات کیے ۔ آڈیٹر جنرل پاکستان کے مطابق چیئرمین پی سی بی کے پاس وفاقی وزیر داخلہ کا ریگولر چارج ہے اور وفاقی وزرا و وزرائے مملکت سیلری، الاؤنس و پریولجز ایکٹ 1975 کے مطابق مذکورہ چارجز قواعد کے خلاف ہیں۔ پی سی بی نے آڈٹ اعتراضات کے جواب میں کہا مذکورہ اخراجات قواعد کی خلاف ورزی نہیں کیونکہ اضافی چارج کی صورت میں مراعات لی جاسکتی ہیں، آڈیٹر جنرل پاکستان نے جواب مسترد کر دیا اور کہا دو عہدے رکھنے والے ایک سہولت حاصل کرنے کے حقدار ہیں، چیئرمین سے 41 لاکھ 73 ہزار 373 روپے ریکور اور آڈٹ سے ریکارڈ تصدیق کرایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں