بلاول جمہوریت کے علمبردار، نشانِ امتیاز جدوجہد کا اعتراف :پیپلزپارٹی
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ،سٹاف رپورٹر )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ امتیاز ملنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاول جمہوریت کے علمبردار اور نوجوان قیادت کی روشن علامت ہیں،
جنہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی جرات مندانہ ترجمانی کی ، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کیا اور معرکہ حق کے موقع پر پاک فوج اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو اجاگر کیا ،پارٹی چیئرمین کا یہ اعزاز نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی نہیں بلکہ پوری قوم کے لئے باعث فخر ہے ، پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے بلاول کو نشا ن امتیاز ملنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ بلاول کو بہترین سفارتکاری پر نشان امتیاز دیا گیا، بلاول نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے خواب کو پورا کیا، انہوں نے بھارتی سازشوں اور انتہا پسندانہ ذہنیت کو بے نقاب کیا ۔ پیپلز پارٹی کی مرکزی ر ہنما نفیسہ شاہ، راجہ پرویز اشرف نے بھی بلاول بھٹو زرداری کو انکی غیر معمولی سفارتی خدمات پر نشان امتیاز ملنے پر مبارکباد دی ۔