جمہوریت، دفاع اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتا نہیں ہوگا:بلاول
اسلام آباد (دنیا نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت، دفاع اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
جشن یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول نے قوم کو یوم آزادی اور معرکہ حق کی مبارک باد دیتے ہوئے بے روزگاری، مہنگائی، غربت اور امتیاز کے خاتمے کی جدوجہد کو مزید تیز کرنے کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوری استحکام، 1973ء کے آئین اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع و خودمختاری پر کبھی سمجھوتا نہیں کریں گے ۔پیپلز پارٹی جمہوریت کے تحفظ اور آئین کے دفاع کیلئے جدوجہد کرتی آئی ہے ، پیپلز پارٹی ارض وطن کو ایک ایسا ملک بنانے کیلئے سرگرم عمل ہے جہاں مواقع چند افراد کا استحقاق نہیں بلکہ سب کا حق ہوں۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ دعاگو ہوں کہ پاکستان ہمیشہ مضبوط قومی اتحاد و ہم آہنگی سے مالامال اقوامِ عالم میں سربلند رہے ۔