ملک بھر میں آج شہدائے کربلا کاچہلم کوئٹہ میں موبائل فون سروس معطل
لاہور، کوئٹہ (این این آئی، دنیا نیوز) لاہور سمیت ملک بھر میں نواسۂ رسولؐ حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کا چہلم آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ امام بارگاہوں میں مجالس اور مساجد میں خصوصی تقاریب ہوں گی جن میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو موضوع بنایا جائے گا۔
لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں روایتی جلوس اور تعزیے برآمد کئے جائیں گے ۔ لاہور میں چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہو کر مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے چہلم کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ ادھر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں آج موبائل فون سروس معطل رہے گی۔