مفتی کفایت اللہ واہلیہ فائرنگ سے زخمی ، بیٹا 2 بیٹیاں جاں بحق
مالا کنڈ(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ کے علاقے بٹ خیلہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ضلعی امیر مفتی کفایت اللہ اور ان کی اہلیہ فائرنگ سے زخمی ہو گئے جبکہ ان کی 2بیٹیاں اور بیٹا جاں بحق ہو گئے ۔
لیویز ذرائع نے بتایا کہ مفتی کفایت اللہ کے گھر میں فائرنگ ان کے بیٹے اعتصام نے کی اور واردات کے بعد فرار ہو گیا، فائرنگ سے مفتی کفایت اللہ کا بیٹا عصمت اللہ اور بیٹی جاں بحق ہوئے جبکہ مفتی کفایت اللہ اور ان کی اہلیہ ،ان کا ایک اور بیٹا اور بیٹی زخمی ہوئے ، جنہیں ڈسٹرکٹ ہسپتال بٹ خیلہ منتقل کر دیا گیا ہے ، ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ مفتی کفایت اللہ کی حالت خطرے سے باہر ہے ،تاہم دوران علاج ایک اور بیٹی دم توڑ گئی، پولیس اور لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزم اعتصام کو گرفتار کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا ملزم آئس کے نشے کا عادی ہے ۔یاد رہے کہ اس سے قبل نومبر 2019 میں بھی مفتی کفایت اللہ پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں وہ زخمی ہوگئے تھے ۔