ملک سے موروثی سیاست کا خاتمہ چاہتے ،ذوالفقار جونیئر
کراچی (سٹاف رپورٹر)جونیئر ذوالفقار علی بھٹو نے کہا ہے کہ میں ایک نئی جماعت قائم کر رہا ہوں جس میں ہاری، مزدور، طلبہ اور باصلاحیت نوجوان شامل ہوں گے اور ہم سب مل کر ملک و قوم کی خدمت کریں گے ۔
گلشن حدید میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان کا وزیرِاعظم ایک ہاری ہو۔ ہماری پارٹی کا بنیادی مقصد عوامی سیاست ہے ، ہم کرسی کی خاطر کی جانے والی موروثی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں اور عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو روزگار دیا اور ملک کی ترقی کے لیے پاکستان اسٹیل سمیت ایٹمی قوت بنا کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ بھٹو صاحب نے عوام کی خدمت کے لیے سیاست کا آغاز کیا اور پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، مگر بدقسمتی سے ملک کرپٹ اور نااہل سیاستدانوں کے حوالے کر دیا گیا۔ آج مزدور روٹی کے ایک نوالے کے لیے پریشان ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری نے نوجوانوں کو منفی رجحانات کی طرف دھکیل دیا ہے ۔ جونیئر ذوالفقار علی بھٹو نے کہا کہ موجودہ پیپلزپارٹی شہید بھٹو کے منشور ‘‘روٹی، کپڑا اور مکان’’ کے نعرے سے ہٹ چکی ہے اور غریب عوام سے ایک وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پر کسی کو بھی قبضہ نہیں کرنے دیں گے ۔