پیپلز پارٹی کا رویہ غیرسیاسی ، معمولی جواب پر رو پڑتے ہیں :عظمیٰ بخاری
لاہور(دنیا نیوزصباح نیوز)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پی پی رہنماؤ ں کے بیانات پر ردعمل میں کہا ہے کہ ایک طرف وہ سیز فائر کی بات کرتے ہیں، دوسری طرف ہر گھنٹے بعد ہوائی فائرنگ کرنے آجاتے ہیں۔۔۔
شعلے اگلتی زبانوں کے ساتھ ہم سے سیز فائر کی امید کیسے رکھی جا سکتی ہے ؟ ، پیپلز پارٹی کا رویہ غیرسیاسی ہے ،روزانہ جسے دیکھو وہ مائیک کے سامنے بیٹھ کر گالیوں اور الزامات کی بوچھاڑ شروع کر دیتا ہے ، جب ہم معمولی سا جواب دیں تو وہ رونے بیٹھ جاتے ہیں ، ہم آج بھی بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کیلئے تیار ہیں۔اپنے ایک بیان اور نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما ہمیں جمہوریت کے لیکچر نہ دیں، جمہوریت کے بوجھ کو انہوں نے کبھی اپنے نازک کندھوں پر نہیں اٹھایا، یہ بوجھ ہماری قیادت اور کارکنوں نے برسوں اٹھایا ، اگر آپ دن رات ہماری لیڈرشپ پر حملے کریں گے تو کیا ہم آپ کے گلے میں پھولوں کے ہار پہنائیں گے ؟۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کسی وڈیرے کی جاگیر نہیں جسے وہ ہر فورم پر سندھو دیش کہہ کر پیش کرتے ہیں، پنجاب کے خلاف زبانی گولہ باری اور نفرت آمیز بیانیے سے باز آنا ہوگا ،یکطرفہ حملوں پر مسلسل خاموشی ممکن نہیں۔