گرفتار این سی سی آئی اے افسروں کے جسمانی ریمانڈ کا تحریری حکم جاری
لاہور (کورٹ رپورٹر)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے رشوت کے الزام میں گرفتار این سی سی آئی اے افسران کے جسمانی ریمانڈ کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ بھاری ریکوری کے باعث مزید تفتیش ضروری ہے ،ملزموں کا مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظو ر کیا جاتا ہے ، جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے تین صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ ملزموں پر فراڈ اور بھاری رقم ہتھیانے کا الزام ہے ،تحقیقات کے مطابق ملزموں نے 4 کروڑ 25 لاکھ 48 ہزار روپے ہتھیائے ،ایف آئی اے نے مزید شواہد اور دستاویزات کی فراہمی کیلئے ملزموں کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ مانگا،ریکارڈ کے مطابق 7 لاکھ ارسلان رضا، 99 لاکھ زوار، 19 لاکھ 48 ہزار یاسر، 3 لاکھ 60 ہزار مجتبیٰ ظفر، 45 لاکھ محمد عثمان اور 3 لاکھ سلمان عزیز سے برآمد ہوئے ۔