8سالوں میں فارما برآمدات 10ارب ڈالرتک پہنچائینگے ، وزیر خزانہ
ملکی فارما سیکٹر کی برآمدات میں 34فیصد ترقی خوش آئند ہے ، وفد سے گفتگو موسمیاتی تبدیلیوں سے عالمی معیشت متاثر ہو رہی ہے ، تقریب سے خطاب
اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی فارما سیکٹر کی برآمدات میں 34 فیصد ترقی خوش آئند ہے ۔ پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فارما انڈسٹریکی تین سالوں میں دواسازی کی برآمدات 3 ارب ڈالر تک پہنچانے کا مشن ہے ، آئندہ 8 سالوں میں فارما کی برآمدات کو 10 ارب ڈالرتک پہنچانے کی کوشش ہے ، عالمی فارماسیوٹیکل مارکیٹ اس وقت 1.6 ٹریلین امریکی ڈالر سے زیادہ ہے ۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ عالمی ادویہ سازی کی شرح نمو اوسطاً 5 فیصد کے قریب ہے ، فارما انڈسٹری میں پاکستان کی ملکی ترقی 18 فیصد ہے جس میں غیر معمولی برآمدات کی شرح نمو 34 فیصد ہے ۔ علاوہ ازیں ایس ڈی پی آئی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا حکومت نیشنل کلائمیٹ فنانس پر کام کر رہی ہے ،ماحولیاتی پالیسی سے متعلق بینچ مارک قائم کئے گئے ہیں ،این ڈی سیز ماحولیاتی پلان کا حصہ ہیں ،کلائمیٹ فنانسنگ دنیا کا بڑھتا ہوا چیلنج ہے ۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے عالمی معیشت متاثر ہو رہی ہے ۔