خورشید شاہ، اویس شاہ ودیگر کیخلاف ریفرنس ایف آئی اے منتقل

خورشید شاہ، اویس شاہ ودیگر کیخلاف ریفرنس ایف آئی اے منتقل

سکھر کی احتساب عدالت نے نیب کیس پر گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا

سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر کی احتساب عدالت نے پی پی رہنماؤں خورشید شاہ، اویس شاہ ودیگر کے خلاف کرپشن کیس کا محفوظ فیصلہ سنادیا، کیس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کرنے کاحکم دیا گیا ہے ۔ خورشید احمد شاہ ان کے بھتیجے و داماد اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس شاہ، بیٹوں ایم پی اے فرخ شاہ، زیرک شاہ، دو بیویوں سمیت اٹھارہ ملزمان کے خلاف نیب کی جانب سے دائر اثاثہ جات کیس کی سماعت سکھر کی احتساب عدالت میں ہوئی، سماعت جج غلام یاسین کولاچی نے کی، سماعت کے دوران عدالت نے گزشتہ روز محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے دائر ریفرنس نیب کے دائرہ کار سے باہر ہونے پر ایف آئی اے کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا اور سماعت ملتوی کردی، اس موقع پر خورشید شاہ کے صاحبزادے سید زیرک شاہ اور ان کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے ۔ واضح رہے کہ خورشید احمد شاہ، اویس قادر شاہ سمیت اٹھارہ ملزمان کے خلاف پانچ سال دس ماہ قبل نیب نے ایک ارب تئیس کروڑ روپے کے اثاثے بنانے کے الزام میں ریفرنس دائر کیا تھا، لیکن پانچ سال دس ماہ گزر جانے کے بعد نیب کی جانب سے ریفرنس کا جو حتمی چالان عدالت میں پیش کیا گیا، اس میں صرف انیس کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کیے گئے اور عدالت کو بتایا گیا کہ نیب نے آغاز پر جن اثاثوں کی مالیت ایک ارب تئیس کروڑ روپے لگائی ہے ، وہ تیس سے چالیس سال پہلے خریدے گئے تھے ، جن کی مالیت اس وقت صرف انیس کروڑ روپے تھی، اور نئے احتساب قانون کے مطابق یہ ریفرنس سماعت یا تحقیقات کے حوالے سے نیب عدالت اور نیب کے دائرہ کار سے باہر ہے جس پر نیب نے خود عدالت سے استدعا کی تھی کہ یہ ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کیا جائے نیب کی اس استدعا کی روشنی میں آج عدالت نے فیصلہ سنایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں