اقبال سنگھیڑا کا فرار،4پولیس اہلکار گرفتار، ریمانڈ پرجیل منتقل

اقبال سنگھیڑا کا فرار،4پولیس اہلکار گرفتار، ریمانڈ پرجیل منتقل

جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ ،چاروں اہلکاروں کے موبائل ڈیٹاکے حصول کیلئے رابطہ

راولپنڈی (خبر نگار سے )سابق اے ڈی سی آر سیالکوٹ محمد اقبال سنگھیڑا کے راولپنڈی پولیس کی حراست سے فرار کے واقعہ پر ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے انکوائری شروع کر دی ہے ،مقدمہ میں نامزد اے ایس آئی ظفراقبال، کانسٹیبل یاسر،احمدبلال،محرم شہزاد کو گرفتار کرکے پولیس نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ۔ ادھر راولپنڈی پولیس کی تین ٹیمیں مختلف حوالوں سے اپنی تفتیش کا دائرہ کار بڑھا رہی ہیں،پولیس نے جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ کے عمل کا آغاز کر دیا ہے ،جبکہ چاروں پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کے موبائل ڈیٹا کے حصول کیلئے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے ،پولیس نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے تحریری طور پر گاڑی کی ملکیت کے حوالے سے تفصیلات طلب کی ہیں،پولیس کے پاس گاڑی کا ماڈل اور نمبر 77 موجود ہے ، جبکہ گاڑی کی رجسٹریشن میں انگریزی کے حروف موجود نہیں ہیں ،موٹروے پولیس سے گاڑی کی موٹروے پر آمدورفت کا بھی ریکارڈ طلب کرنے کے لئے مراسلہ لکھا گیا ہے ۔ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار کا کہنا ہے واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے ۔ ملزم کی گرفتاری کے لئے ناکہ بندی کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں