بی آئی ایس پی کا مستحق خواتین کیلئے سوشل پروٹیکشن والٹ کا اجرا : 1 کروڑ مفت سمز کی فراہمی شروع
بائیومیٹرک تصدیق کے بعد خواتین کو موبائل فون سم دی جائیگی جو سوشل پروٹیکشن والٹ کھولنے کیلئے استعمال ہوگی یہ سم نہیں ڈیجیٹل بٹوہ، آ ئندہ تمام اقساط، وظائف سوشل پروٹیکشن والٹ کے ذریعے ملیں گے ، چیئر پر سن بی آ ئی ایس پی
اسلام آباد (دنیا رپور ٹ ) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے اپنی رجسٹرڈ مستحق خواتین کیلئے انقلابی سوشل پروٹیکشن والٹ کا اجرا کردیا اور ایک کروڑ مستحق خواتین کو مفت سمز کی فراہمی شروع کر دی ۔ یہ اقدام صدرآصف علی زر داری کے ویژن اوروزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اٹھایا گیا، چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا سوشل پروٹیکشن والٹ کھلوانے کے لیے مستحق خواتین کو اپنا اصل شناختی کارڈ اور زیر استعمال موبائل فون لے کر قریبی بی آئی ایس پی دفتر یا کیمپ سائٹ پر جانا ہوگا، جہاں ان کی بائیومیٹرک تصدیق کے بعد انہیں بالکل مفت موبائل سم فراہم کی جائے گی جو سوشل پروٹیکشن والٹ کھولنے کے لیے استعمال ہوگی، مستقبل میں بی آئی ایس پی کی تمام اقساط اور وظائف اسی ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے جاری کیے جائیں گے ، یہ محض ایک سم نہیں بلکہ خواتین کا ڈیجیٹل بٹوہ ہے ۔