سندھ، بلوچستان ہائیکورٹس کے چیف جسٹس مقرر، جسٹس گل حسن سپریم کورٹ کا مستقل جج : جوڈیشل کمیشن
جسٹس ظفر احمد سندھ، جسٹس کامران خان بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ہونگے ،مسودہ قواعد بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل آئینی عدالت کے جسٹس عامر فاروق، اٹارنی جنرل منصور اعوان، سینیٹرز فاروق نائیک،علی ظفر ، احسن بھون کمیٹی کے ممبر
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے جسٹس ظفر احمد راجپوت کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور جسٹس کامران خان ملاخیل کو چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس گزشتہ روز سپریم کورٹ کے کانفرنس روم میں ہوا، جس میں مختلف سطح پر اہم عدالتی تقرریوں کی سفارشات کو حتمی شکل دی گئی۔
کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس جسٹس ظفر احمد راجپوت کو سندھ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش متفقہ طور پر منظور کر لی۔ اسی طرح بلوچستان ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس جسٹس کامران خان ملاخیل کو بلوچستان ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش بھی متفقہ طور پر کی گئی۔ کمیشن کے کل اراکین کی اکثریت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج اور سپریم کورٹ کے قائم مقام جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ آف پاکستان کا جج مقرر کرنے کی سفارش بھی کر دی۔ علاوہ ازیں، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے اپنی کل رکنیت کی اکثریت سے آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آرٹیکل 175 {A} کی شق (20) کے تحت مسودہ قواعد بنانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ اس کمیٹی میں وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس عامر فاروق، اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور محمد احسن بھون شامل ہیں۔