سی ڈی ایف، مسلح افواج کیخلاف پروپیگنڈا سنگین خطرہ:پیس
پاکستان کو ہائبرڈ وار کا سامنا، دشمن عناصر افغان سرزمین سے دہشتگرد حملے کرا رہے یہ بھارتی حکمت عملی، بعض پی ٹی آئی رہنما اسے تقویت دے رہے :عبدالقیوم و دیگر
راولپنڈی (نیوزرپورٹر،خبرنگار)پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی (پیس)نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مسلح افواج کے خلاف بڑھتی منظم پروپیگنڈا مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے ۔ یہ موقف صدر پیس لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے پریس کانفرنس میں اختیار کیا۔ اس موقع پر وائس ایڈمرل (ر) عبدالعلیم، کموڈور (ر) ارشد محمود خان، بریگیڈیئر (ر) طارق محمود، بریگیڈیئر (ر) آصف ہارون، چیف آرگنائزر پیس عزیز احمد اعوان بھی موجود تھے ۔ عبدالقیوم نے کہا پاکستان ہائبرڈ وار کا سامنا کر رہا جس کے تحت دشمن عناصر افغان سرزمین استعمال کر کے دہشتگرد حملے کرا رہے ہیں، یہ غیر علانیہ جنگ بھارت کی حکمتِ عملی کا تسلسل ہے ، بھارتی ایجنسیاں گمنام دہشتگرد گروہوں کی سرپرستی کر رہی ہیں۔ دشمن کے ہر حملے کاموثر جواب دینے پر پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کے بعض رہنما اور ان کے اندر اور باہر موجود روگ عناصر بھارتی پروپیگنڈا کو تقویت دیتے ہوئے قومی سلامتی کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ایسے تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے روس بھارت بڑھتے دفاعی تعاون پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں اسلحے کی دوڑ اور بھارتی بالادستی کے عزائم کو خطرناک قرار دیا۔