پختونخوا پولیس کو صوبائی حکومت سے جدید اسلحہ اور آلات مل گئے

پختونخوا پولیس کو صوبائی حکومت سے جدید اسلحہ اور آلات مل گئے

وزیر اعلیٰ نے آلات حوالے کئے ، اسلحہ میں 7ہزار 650شارٹ مشین گنز بھی شامل جب تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پالیسی بنے گی تو امن قائم ہوگا، سہیل آفریدی

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا پولیس کو صوبائی حکومت سے جدید اسلحہ اور آلات مل گئے ۔پشاور میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے جدید اسلحہ اور آلات صوبائی پولیس کے حوالے کیے ، تقریب میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے بھی شرکت کی۔کے پی پولیس کو ملنے والے جدید اسلحے میں 7 ہزار 650 شارٹ مشین گنز، 25 ایم 249 مشین گنز، ایم 16 رائفلز، سنائپر ایل ایس آر رائفلز اور ماڈرن سکوپ شامل ہیں۔جدید اسلحے اور آلات میں 11 ہزار 594 بلٹ پروف جیکٹس، 65 اینٹی ڈرون گنز، 1ہزار 788 تھرمل ویپن سائٹس، مختلف نوعیت کے 94 ڈرونز، 2 بکتر بند سمیت بلٹ پروف گاڑیاں شامل ہیں۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تھرمل ویپن سائٹس اور تھرمل بائنوکلرز سے پولیس کی رات کی نگرانی مزید مؤثر ہوگی جبکہ بلٹ پروف ہیولز اور سائیڈ آرمَرنگ سے پولیس کی نقل و حرکت زیادہ محفوظ ہو سکے گی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پولیس فورس کو موجودہ حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے پولیس فورس کو ناقابلِ تسخیر بنایا جائے اور موجودہ حالات سے نمٹنے کے لیے مزید اسلحہ و آلات بھی فراہم کیے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ‘2018 سے 2022 تک صوبے میں امن رہا مگر اس کے بعد حالات خراب ہوئے ۔ جب ہم 80 ہزار شہداء کی بات کرتے ہیں تو ان میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کے جوان بھی شامل ہیں۔’وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں امن بحال کیا جائے گا اور اسے برقرار بھی رکھا جائے گا۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ جب تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پالیسی بنے گی تو امن و امان قائم ہوگا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق پالیسی صوبائی حکومت سے مل کر بنائے تو وہ پائیدار ہوگی۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نے پولیس کو جدید اسلحہ فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوشش کررہے ہیں، 2022ء سے اب تک خیبر پختونخوا میں بدامنی دیکھ رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں