لاہور ہائیکورٹ :نومبر میں 18ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے
12ہزار 457نئے مقدمات دائر ،بروقت انصاف کی فراہمی اولین ترجیح :چیف جسٹس
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائی کورٹ نے ایک مہینے میں 18 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے سنادئیے ۔ لاہور پرنسپل سیٹ اور بینچز نے نومبر 2025 میں چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کی عدالتی اور کیس مینجمنٹ اصلاحات کے تحت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال نومبر میں لاہور ہائیکورٹ نے ایک ماہ کے دوران 18 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے ،مجموعی طور پر 12 ہزار 457 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ فیصلوں کی تعداد نئے دائر ہونے والے مقدمات کے مقابلے میں 5 ہزار 585 زائد رہی، یہ عدالتی کارکردگی اہم سنگِ میل ہے ، جسے وکلا اور سائلین نے خوش آئند قرار دیا ہے ۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے اس موقع پر کہا کہ عدالتی نظام میں شفافیت اور بروقت انصاف کی فراہمی لاہور ہائی کورٹ کی اولین ترجیح ہے ، عدالت عالیہ لاہور انصاف کی فراہمی کو مزید موثر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے ۔