پنجاب اسمبلی :چیف آف ڈیفنس فورسز کو خراج تحسین ، قرارداد منظور

 پنجاب اسمبلی :چیف آف ڈیفنس فورسز کو خراج تحسین ، قرارداد منظور

معرکہ حق کی شاندار کامیابی سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا :حکومتی ارکان پی ٹی آئی والے آرمی کیخلاف منظم مہم چلا رہے ہیں :عظمیٰ بخاری ، آج پھر اجلاس

 لاہور(سیاسی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈٰیسک،این این آئی)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی پر خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی ۔پنجاب اسمبلی کااجلاس گزشتہ روز مقررہ وقت کی بجائے دو گھنٹے کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت شروع ہوا۔اجلاس کے آغاز میں محکمہ ریونیو، کالونیز و ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق سوالات کے جواب پیش کئے گئے ۔اجلاس میں اپوزیشن رکن اعجاز شفیع ڈپٹی سپیکر کو فارم47کی پیداوار کہتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئے ۔قائد حزب اختلاف معین ریاض قریشی نے خطاب میں کہا کہ ایک سیاسی جماعت کو دیوار سے لگایاجارہاہے ،بانی پی ٹی آئی امت مسلمہ کے سب سے بڑے لیڈر ہیں ،ہمیں جذبات سے نہیں تاریخ سے سبق لینا چاہیے ،ماضی میں کیا ذوالفقار بھٹو ،بے نظیر بھٹو اورنواز شریف کو سکیورٹی تھریٹ قرار نہیں دیا گیا تھا؟، اس ایوان کے چھ معزز ممبران پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے ،9 مئی کے واقعے پر بارہا ہم نے کہا جوڈیشل کمیشن بنائیں،حکومتی اراکین قائد حزب اختلاف کی تقریر کے دوران جملے بازی کرتے رہے جس پر چیئر نے اراکین کو ایسا کرنے سے روک دیا۔

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ‘‘کی بورڈ واریئرز’’گزشتہ ڈھائی برس سے مسلسل پاکستان آرمی اور اس کے سربراہ کو بے بنیاد پراپیگنڈے اور آے آئی جنریٹڈ ویڈیوز کے ذریعے منظم حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں،بانی پی ٹی آئی کا ٹویٹر ہینڈل گالی گلوچ، بہتان تراشی اور اداروں کے خلاف نفرت پھیلانے کا گڑھ بن چکا ، علیمہ خان جیل میں بھائی کی عیادت نہیں بلکہ ڈکٹیشن لینے جاتی ہیں کہ سوشل میڈیا پر کس کو گالی دینی ہے ، ویسے چھیڑ ہی نہیں بن گئی قیدی 804 کی‘‘ذہنی مریض’’۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ یہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے والد کے حوالے سے گھٹیا کمپین کررہے ہیں،قوم خوب جانتی ہے کہ 9 اور 10 مئی کے واقعات کس کے سیاسی رویوں اور کس ذہنیت کا نتیجہ تھے ،اداروں کے خلاف پراپیگنڈے ، بے بنیاد الزامات کی روش مزید برداشت نہیں کی جائے گی ۔ دریں اثناء اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی شعیب صدیقی، شوکت عزیز بھٹی،طاہر جمیل،احسن رضا خان،ذوالفقار علی شاہ اور رانا احمد شہریار کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مشترکہ قرارداد پیش کی گئی ، جس کے متن میں کہا گیا کہ صوبائی اسمبلی کا ایوان فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدہ پر ترقی ملنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے ،معرکہ حق کی شاندار کامیابی سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا۔

قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف کسی قسم کی غیر ذمہ دارانہ، مجرمانہ ہرزہ سرائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا،ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل احمد شریف چودھری کی پر یس کا نفرنس کی بھر پور تائید و حمایت کرتے ہیں۔دریں اثناء اجلاس میں صوبائی موٹر وہیکل آرڈیننس 2025، ستھرا پنجاب اتھارٹی آرڈیننس 2025 اور پتنگ بازی ریگولیشن آرڈیننس 2025 بھی پیش کیے گئے ، جنہیں دو ماہ کے اندر رپورٹ کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا گیا۔ایوان نے بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی قانون 2025 اور مائنز اینڈ منرلز پنجاب 2025 بل منظور کر لیے ۔ علاوہ ازیں شوگر کین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بل 2025، پنجاب آٹزم سکول اینڈ ریسورس سینٹر ترمیمی بل، غیر منقولہ جائیداد کی ملکیت کے تحفظ کا قانون 2025، ریگولرائزیشن آف سروس (تنسیخ)بل 2025، ڈرگز ترمیمی قانون 2025 اور پولیس آرڈر ترمیمی بل بھی کثرت رائے سے منظور کئے گئے ۔ ایمرجنسی سروسز پنجاب ترمیمی قانون 2025 کثرتِ رائے سے منظور کرلیا گیا، تمام مسودہ قونین وزیر پارلیمانی امور میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پیش کئے ۔ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس آج صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں