یو اے ای کیساتھ سٹرٹیجک شراکت داری پر فخر : شہباز شریف
پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم کردار:اماراتی قیادت، عوام کو قومی دن پر مبارکباد قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں:سفیر یو اے ای
اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قابل تجدید توانائی، مصنوعی ذہانت، زراعت اور دوسرے شعبوں میں یو اے ای کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن ‘‘عید الاتحاد ’’ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء، ارکان پارلیمان بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے یوم اتحاد پر اماراتی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد دی اور یو اے ای کی موجودہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں یو اے ای نے ترقی کی نئی منازل طے کیں اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا۔ پاکستان کو یو اے ای کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری پر فخر ہے۔ عرب امارات نے پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد الزاعابی نے تقریب میں وزیر اعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے 5 دہائیوں سے دیرینہ اور گہرے تاریخی و برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو پرکشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای پاکستان میں قابل تجدید توانائی، مصنوعی ذہانت، آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے ۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔