زرمبادلہ ذخائر میں 1 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا اضافہ
اسلام آباد(اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز)ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں گزشتہ ہفتے کے دوران 1 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 19 ارب 61 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی، 5 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔سٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مالیت 14 ارب 58 کروڑ 65 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئی جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 2 کروڑ 57 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ سٹیٹ بینک کو عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف)سے موصول 1 ارب 200 ملین ڈالر کی قسط آئندہ ہفتے سرکاری ذخائر میں ظاہر ہوگی۔