بلومبرگ نے بھی پنجاب کا ویسٹ ٹو ویلیومنصوبہ اہم قرار دیدیا
50میگاواٹ کا پاور پلانٹ روزانہ 3ہزار ٹن کچرا توانائی میں تبدیل کر یگا ستھرا پنجاب پروگرام معیشت میں 300ارب سالانہ کا اضافہ کر رہا ، ڈی جی
اسلام آباد ( دنیارپورٹ ) ستھرا پنجاب پراجیکٹ کے ڈائریکٹر جنرل بابر صاحب دین نے کہا ہے کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن عالمی میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رہا ہے۔ فوربز کے بعد اب بلومبرگ نے بھی اپنی رپورٹ میں صوبے کے ویسٹ ٹو ویلیو منصوبے کو قابلِ قدر قرار دیا ہے۔ بلوم برگ نے اپنی خبر میں بتایا ہے کہ صاف توانائی پیدا کرنے کے لیے 50 میگاواٹ کے جدید پاور پلانٹ کی ابتدائی فیز یبلٹی سٹڈی جاری ہے۔
یہ پلانٹ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت روزانہ جمع کیے جانے والے کچرے سے چلایا جائے گا جو روزانہ تقریباً 3 ہزار ٹن کچرے کو توانائی میں تبدیل کرے گا۔ ستھرا پنجاب پروگرام صوبہ بھر میں 1 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے اور روزانہ تقریباً 50 ہزار ٹن ویسٹ اکٹھا کیا جا رہا ہے ۔ یہ منصوبہ ماحول دوست سرگرمیوں سے صوبائی معیشت میں تقریباً 300 ارب روپے سالانہ کا اضافہ کر رہا ہے جبکہ کچرے سے بائیو فرٹیلائزر، بائیو گیس اور لینڈفل سائٹس کو سولر پارک میں تبدیل کرنے کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے ۔