ایشیائی ترقیاتی بینک،عالمی بینک سے پاکستان کیلئے 94کروڑ ڈالر قرض منظور

ایشیائی ترقیاتی بینک،عالمی بینک سے پاکستان کیلئے 94کروڑ ڈالر قرض منظور

40کروڑ ڈالر سرکاری اداروں میں اصلاحات ،14کروڑ ڈالر سندھ کوسٹل ریزی لینس سیکٹر پراجیکٹ کیلئے مختص عالمی بینک کے 40کروڑ پنجاب میں خرچ ہونگے ،مزید 2منصوبوں کیلئے اے ڈی بی کیساتھ 25کروڑ ڈالر کے معاہدے

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک سے 94 کروڑ ڈالر قرض منظور ہو گئے اس کے علاوہ اے ڈی بی کیساتھ مزید 25 کروڑ ڈالر کے معاہدے بھی طے پا گئے ، اعلامیہ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 54 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی جس میں سے 40کروڑ ڈالر قرض کی رقم سرکاری ملکیتی اداروں میں اصلاحات بہتر بنانے کیلئے استعمال ہو گی باقی 14 کروڑ ڈالر کا رعایتی قرض سندھ کوسٹل ریزی لینس سیکٹر پراجیکٹ کیلئے منظور کیا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان میں سرکاری اداروں کی گورننس اور کارکردگی بہتر بنانے پر فوکس ہے ، گزشتہ پانچ سال میں ایس او ایز اصلاحات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے 2023 میں ایس او ایز ایکٹ اور پالیسی کا نفاذ اہم سنگِ میل رہا، اصلاحاتی نفاذ کیلئے 7 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔ ورلڈ بینک نے پاکستان کیلئے 40 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دے دی رقم صوبہ پنجاب میں شہروں میں صفائی اور پانی کی سہولیات کیلئے خرچ ہو گی منصوبہ سے پنجاب کے 16 شہروں میں محفوظ پانی و صفائی کی سہولیات میسر آئیں گی ، بارشی پانی کے نکاس، سیوریج اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ سسٹمز اپ گریڈ کیے جائیں گے ، پروگرام سے 45 لاکھ افراد کو پانی ، صفائی جیسی بہتر سہولیات ملیں گی، عالمی بینک کے اعلامیہ کے مطابق سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹمز میں بھی بہتری آئیگی، 20 لاکھ افراد مستفید ہوں گے ، منصوبہ صحت اخراجات میں کمی اور پانی سے پیدا بیماریوں میں کمی لائے گا، مقامی حکومتوں کی استعداد کار اور ریونیو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔

منصوبہ شہروں کو سیلاب و خشک سالی کے مقابلے کیلئے زیادہ مضبوط بنائے گا، منصوبہ شہروں کی پائیدار ترقی اور ماحول دوستی کے اہداف کیلئے معاون ہو گا، منصوبے میں خواتین کیلئے نئی بھرتیاں اور فیصلہ سازی میں نمائندگی کو ترجیح دی جائے گی خواتین کیلئے سکل ڈویلپمنٹ اور جینڈر کمپلینٹ ڈیسک قائم کیے جائیں گے ، گھریلو سطح پر بہتر صفائی و حفظان صحت کیلئے آگاہی مہمات منصوبہ کا حصہ ہے نجی شعبے کی سرمایہ کاری پانی و صفائی کے شعبے میں متحرک کرنے کا ہدف ہے ، منصوبہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور ستھرا پنجاب پروگرام کی معاونت کرے گا، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صحت مند کمیونٹیز اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔علاوہ ازیں وزارت اقتصادی امور کے مطابق پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 25کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے ترقیاتی معاہدے طے پا گئے پنجاب میں تعلیم و صحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے دو اہم پروگرامز شروع کیے جائیں گے اے ڈی بی کا پنجاب کے لیے 10کروڑ 70لاکھ ڈالر کا سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھ ایجوکیشن پروگرام منظور ہوا ، اس پروگرام کے ذریعے اساتذہ کی تربیت کے ذریعے سیکنڈری تعلیم میں انقلابی تبدیلیاں ہوں گی، پنجاب نرسنگ و ہیلتھ ورکس فورس ریفارم پروگرام کے لیے 15 کروڑ ڈالر کی معاونت ملے گی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں نرسنگ کے 3 سنٹرز آف ایکسی لینس قائم کیے جائیں گے ، معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم، ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے دستخط کئے ، دونوں پروگرام نتائج پر مبنی اور نظامی اصلاحات کا حصہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں