ایک کروڑ 65 لاکھ مالیت کا ایرانی اسمگل شدہ پٹرول اور ڈیزل ضبط
کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی جانب سے ناردرن بائی پاس میں انٹیلی جنس بیسڈ طویل دورانیے کی کارروائیوں میں 1کروڑ 65 لاکھ مالیت کا ایرانی اسمگل شدہ 64ہزار 578 لٹر پٹرول اور ڈیزل ضبط کرلیا گیا۔
کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ معین الدین وانی کے مطابق یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن دوپہر 2 بجے شروع ہوا اور رات 11:30 بجے تک جاری رہا۔کسٹمز انفورسمنٹ نے پٹرول پمپس کی آڑ میں چلنے والے پانچ ڈمپنگ پوائنٹس پر چھاپہ مارا جبکہ پیٹرولئیم مصنوعات کی نقل و حمل کیلئے مخصوص ڈیزائن کے حامل ایک مزدا گاڑی ایرانی ڈیزل کے ساتھ ضبط کی گئی۔حکام نے برآمد ہونے والی اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات مصنوعات کو ڈپ کے ذریعے پیمائش کیلئے ایک گودام میں منتقل کیا۔ آپریشن کے دوران قبضے میں لی گئی مزدا گاڑی کی مالیت 2 کروڑ روپے ہے ۔ کیس کی مجموعی مالیت 3کروڑ 65لاکھ روپے ہے ، حکام کے مطابق پیٹرول پمپ سے 43 ہزار ایرانی اسمگل شدہ ڈیزل برآمد ہوا، ایرانی اسمگل شدہ پیٹرول کی مقدار 10ہزار 139لیٹر ہے جبکہ مزدا گاڑی سے ایرانی اسمگل شدہ 11ہزار 439 لیٹر ڈیزل برآمد کیا گیا ہے ۔