ہر کمیونٹی میں احساس تحفظ کے بغیر پنجاب کی ترقی کا سفر نا مکمل:مریم نواز

ہر کمیونٹی میں احساس تحفظ کے بغیر پنجاب کی ترقی کا سفر نا مکمل:مریم نواز

پنجاب سے احترام اور پیار کے چشمے پھوٹتے ، پاکستان کو بین المذاہب ہم آہنگی کامرکز بنانا چاہتے ہیں سکھ برادری کاپنجاب سے جذباتی تعلق اور پاکستان سے اٹوٹ رشتہ:وزیراعلیٰ ، سکھ وفد سے ملاقات

 لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ میں سمجھتی ہوں کہ ہر کمیونٹی میں تحفظ کے احساس کے بغیر پنجاب کی ترقی کا سفر نامکمل رہے گا،ہزاروں سکھ یاتریوں کی پنجاب میں آمد مذہبی ہم آہنگی   اور باہمی احترام مشترکہ ورثے کی عکاس ہے ،پنجاب میں آنے والے ہر سکھ کی حفاظت،سہولت اور آسانی ہماری ذمہ داری اور خدمت ہمارا اعزاز ہے ۔وزیراعلیٰ سے گزشتہ روز سکھ آف امریکاکے بانی چیئرمین چندہوک کے ہمراہ 7رکنی وفدنے ملاقات کی ،مریم نواز نے وفد سے پنجابی میں گفتگو کی ۔ سکھ وفدنے اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے وزیراعلیٰ کے اقدامات کی تعریف کی اورپنجاب میں سکھ میرج ایکٹ کے نفاذ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔مریم نواز نے کہاکہ امریکا سے آنے والے سکھ بھائیوں سے ملاقات خوشی کا باعث ہے ،سکھ برادری کاپنجاب میں موجود مقدس مقامات سے جذباتی تعلق اور پاکستان سے اٹوٹ رشتہ ہے ،پنجاب میں سکھ ورثے کے تحفظ کو فرض سمجھ کر ادا کررہے ہیں،چاہتے ہیں کہ پاکستان آنے والا ہر سکھ یاتری پنجاب سے خوشگوار یادیں لے کر جائے ۔ پاکستان کو امن وآشتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے مرکز کے طور پر متعارف کرانا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی طرح سکھ برادری کا احترام اور معاونت ترجیحات میں شامل ہے ، پنجاب کا ہر فرد دنیا بھر کی سکھ برادری کو اپنے دل کے قریب رکھتا ہے ،پنجاب کی سرزمین سے احترام اور پیار کے چشمے پھوٹتے ہیں۔پنجاب اور پاکستان کیلئے ہمیشہ پیار اور احترام کا مظاہرہ کرنے پر پوری دنیا کی سکھ برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں