کرسمس تقریبات میں فیلڈ مارشل کی شرکت، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریے کی بنیاد : سید عاصم منیر ، مذہب کے نام پر من مانی نہیں کرنے دینگے : وزیر اعظم
اقلیتوں کا ہر شعبے میں قابل قدر کردار،فضائیہ نے 7 طیارے گرائے تو سیسل چودھری کی یاد تازہ ہوگئی، ترقی و خوشحالی کے سفر پر ہم سب نے شانہ بشانہ آگے بڑھنا ہے :شہباز شریف، کرسمس کیک کاٹا قومی سلامتی میں مسیحیوں کی پائیدار خدمات،تمام شہریوں کے وقار،تحفظ ،مساوی حقوق کا دفاع کرینگے ،بین المذاہب ہم آہنگی اور اتحاد کو فرغ دیں:چیف آف ڈیفنس فورسز ،قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیر اعظم شہباز شریف نے زندگی کے ہر شعبے میں مسیحی برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سب کا مشترکہ ہے ، تمام شہریوں کو برابر کے حقوق اور مذہبی آزادیاں حاصل ہیں، کسی کو مذہب کے نام پر من مانی نہیں کرنے دیں گے ، زیادتی پر قانون حرکت میں آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرسمس کے موقع پر وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزرا، ارکان اسمبلی، مسیحی برادری کی سرکردہ شخصیات اور سفارتی حکام بھی موجود تھے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے پیغمبر تھے جنہوں نے انسانیت کو ظلم و جبر سے نجات دلائی، دست شفا بنے اور انسانیت سے محبت، امن اور احترام کا پیغام عام کیا۔
آج دنیا کو اس پیغام پر عمل کرنے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے ،پاکستان میں مسیحی برادری سمیت اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، انکا قابل قدر تاریخی کردار طب، دفاع وطن، عدلیہ، تعلیم ، صحت سمیت زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں نظر آتا ہے، مئی میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے چھکے چھڑا د ئیے، پاک فضائیہ حرکت میں آئی اور دشمن کے سات طیارے گرائے تو سیسل چودھری کی یاد تازہ ہوگئی ، وزیر اعظم نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے خطبات میں اقلیتوں کی مذہبی آزادیوں پر زور دیا، یہ ہمارے آئین کا حصہ ہے ،مسلم لیگ ن اور قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے ہمیشہ اقلیتوں کو احترام اور عزت دی، رائیونڈ میں ان کیلئے تقریباًت منعقد کیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہارون ولیم نے دشمن سے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تو انہوں نے فیلڈ مارشل کے ہمراہ ان کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کی مکمل آزادی حاصل ہے ، کسی کو مذہب کے نام پر من مانی نہیں کرنے دیں گے اور کسی بھی شہری سے زیادتی پر قانون حرکت میں آئے گا ، یہ ہم سب کا مشترکہ وطن ہے اور یہاں سب شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر پر ہم سب نے شانہ بشانہ آگے بڑھنا ہے ، وزیر اعظم نے مسیحی برادری کے سرکردہ رہنماؤں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی برادری کیلئے کرسمس پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قبل ازیں وزیر مملکت برائے بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ پاکستان میں ہندو، مسیحی، سکھ سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور وہ برابر کے شہری ہیں ، اقلیتیں حکومت کے شانہ بشانہ ہیں جبکہ بھارت میں مودی مذہب کے نام پر نفرت پھیلا رہا ہے ، وہاں اقلیتوں کو آزادی اور تحفظ حاصل نہیں ۔ رکن قومی اسمبلی نیلسن عظیم نے کہا کہ مسیحی برادری کیلئے وزیراعظم ہاؤس میں تقریب خوش آئند ہے ، وزیر اعظم کا شکریہ جنہوں نے اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کیا، کرسمس امن محبت اور درگزر کا پیغام دیتا ہے ، تقریب سے مسیحی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قومی سلامتی میں مسیحیوں کی پائیدار خدمات کو سراہتے ہوئے کہا اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریے کی بنیاد ہے ، آئینِ پاکستان میں درج تمام شہریوں کے وقار، تحفظ ،مساوی حقوق کا دفاع کرینگے ۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے راولپنڈی کے کرائسٹ چرچ میں کرسمس تقریب میں شرکت کی اور اس خوشی کے موقع پر مسیحی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بانی پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناح ؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے مساوات، آزادی اور مذہبی رواداری کے قائدِاعظم کے ویژن کو اجاگر کیا اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو پاکستان کے نظریے کی بنیادی اساس قرار دیا۔
اجتماع سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے قومی ترقی اور سلامتی کے لیے پاکستانی مسیحیوں کی پائیدار خدمات کو سراہا جن میں پاکستان کی مسلح افواج میں نسل در نسل ان کی قابلِ فخر اور نمایاں خدمات شامل ہیں۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور اتحاد کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان کی طاقت اس کے تنوع، مساوی مواقع اور مذہب، نسل، ذات اور عقیدے سے بالاتر مشترکہ آئینی اقدار میں مضمر ہے ۔ چیف آف ڈیفنس فورسز نے آئینِ پاکستان میں درج تمام شہریوں کے وقار، تحفظ اور مساوی حقوق کے دفاع کیلئے افواجِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ مسیحی برادری کے رہنماؤں نے فیلڈ مارشل کے دورے پر اظہارِ تشکر کیا اور وطن کے دفاع، شمولیت، مذہبی ہم آہنگی اور قومی اتحاد کے فروغ میں افواجِ پاکستان کے کردار کو سراہا۔