سکیورٹی فورسز کی بلوچستان، خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، خوراج کے سرغنہ سمیت 10 دہشتگرد ہلاک
قلات میں فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگردمارے گئے ،ڈیرہ اسماعیل خان میں40لاکھ سرکی قیمت والا خوارج سرغنہ دلاور ساتھی سمیت ہلاک ،اسلحہ،گولہ بارود برآمد لکی مروت میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، دہشتگرد کمانڈر ہلاک ، بھارتی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگردوں کا خاتمہ امن و استحکام کے دشمنوں کو واضح پیغام :صدر ،وزیراعظم
راولپنڈی (خصوصی نیوزرپورٹر)سکیورٹی فورسز نے گزشتہ روزصوبہ بلوچستان کے ضلع قلات اور خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے اورخوارج کے سرغنہ سمیت 10دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایااور شدید فائرنگ کے تبادلے میں آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلع کلاچی میں سکیورٹی فورسز نے دو خوارج کو ہلاک کیا، جن میں خطرناک خوارجی سرغنہ دلاور بھی شامل تھا۔ ہلاک ہونے والا خوارجی سرغنہ دلاور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھا اور حکومت کی جانب سے اس کے سر کی قیمت 40 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی،آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ کسی بھی ممکنہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارجی کے خاتمے کیلئے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ سکیورٹی حکام نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
دوسری طر ف کا ؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)اور پولیس نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے وانڈہ امیرخان میں مشترکہ کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر برکت کو ہلاک کر دیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے، دہشت گرد برکت ٹارگٹ کلنگ، آئی ای ڈی دھماکوں اور پولیس و سکیورٹی فورسز پر حملوں میں مطلوب تھا،ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا جبکہ اس کے فرار ساتھیوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے ۔ صدر آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ا ورکہاکہ بھارتی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا خاتمہ امن و استحکام کے دشمنوں کو واضح پیغام ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔