قائداعظم کی تعلیمات، نواز شریف کا تجربہ پنجاب حکومت کے ہر فیصلے کا محور : مریم نواز
پنجاب اقلیتوں کیلئے محفوظ جگہ ،کوئی اکثریت نہ اقلیت ،ہم سب پاکستانی : کرسمس تقریب سے خطاب سکھ بائیک پر ہیلمٹ پہننے کے قانون سے مستثنیٰ ،اقلیتی کارڈز کی تعداد بڑھا کر 1لاکھ کرنیکا اعلان
لاہور(دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ پنجاب اقلیتوں کیلئے بہتر اور محفوظ جگہ ہے ،ہم سب مسلمان، سکھ، مسیحی یا ہندو نہیں بلکہ پاکستانی ہیں،پنجاب حکومت کے ہر فیصلے کا محور محمد علی جناح کی تعلیمات اور محمد نواز شریف کا تجربہ ہوتاہے ۔وزیراعلیٰ نے سکھ برادری کو بائیک پر ہیلمٹ پہننے کے قانون سے مستثنٰی قرار دیدیا، جبکہ اقلیتی کارڈز کی تعداد 75 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کا اعلان کیا ۔مریم نواز کرسمس کی خوشیوں میں شرکت کیلئے گزشتہ روز کیتھڈرل چرچ پہنچ گئیں اورکرسمس کیک کاٹنے کی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔بشپ الیگزینڈر جان ملک نے وزیر اعلیٰ کودختر پنجاب کا خطاب دیا۔مریم نواز نے اس موقع پر مینارٹی کارڈزبھی تقسیم کئے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر خطاب میں مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور اقلیتی کارڈ زکی تعداد 75 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کا اعلان کیا،انہوں نے پنجاب بھر میں اقلیتوں کیلئے قبرستان کا مسئلہ حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کا حکم بھی دیا۔ مریم نواز نے سکھ برادری کو بائیک پر ہیلمٹ پہننے کے قانون سے مستثنیٰ قرار دینے کا اعلان کیا۔ان کاکہناتھاسکھ برادری کو پگڑی پہننے کی وجہ سے ہیلمٹ سے مستثنیٰ کردیا گیا ہے ، پگڑی کے سبب انہیں ہیلمٹ پہننے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا پاکستان وہ ملک، پنجاب وہ صوبہ ہے جس نے واقعی اقلیتوں کو اپنے سر کا تاج بنالیا ، حکومت کی کامیابی کا معیار اقلیتوں کا محفوظ ہونا ہے، اگر کوئی اقلیتوں کو نقصان پہنچائے گا یا ان کا حق مارے گا تو ریاست پوری قوت سے ٹکرائے گی۔
پنجاب کو اقلیت دوست بنانے کی ذمہ داری ہم سب مسلمانوں پر زیادہ ہے کیونکہ ہم اکثریت میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں سے ٹکر لینے کی کسی کو اجازت نہیں دوں گی، اقلیتی برادری کے کسی رکن سے زیادتی ہوئی تو مریم نوا زشریف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہوگی، اقلیتوں کا دفاع نہ کرنے والی حکومت کو گھر چلے جانا چاہئے ۔مریم نواز نے بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح ؒاور صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کے یوم پیدائش پر خصوصی پیغامات میں کہا کہ بابائے قوم کی عظمت،حکمت،محنت اور دانائی کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔
قائداعظم کی بصیرت اور عزم آج بھی ہر دل میں مشعل راہ ہے ۔محمد علی جناح اور نواز شریف وہ عظیم رہنما ہیں جنہوں نے اپنے عزم،بصیرت اور قربانی سے قوم کی تقدیر بدلی،محمد علی جناحؒ نے پاکستان بنایا اور محمد نواز شریف نے پاکستان کو سنوارا۔پنجاب حکومت محمد علی جناح ؒاور محمد نواز شریف کی وراثت آگے بڑھا رہی ہے ،پنجاب حکومت کے ہر فیصلے کا محور محمد علی جناح کی تعلیمات اور محمد نواز شریف کا تجربہ ہے ،قائداعظم کی تعلیمات اور نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ہمیشہ روشن اور مضبوط رہے گا۔