سندھ میں صحت نظام بدل دیا،لاہور میں یہ سہولتیں نہیں، بلاول
مقابلہ صوبوں سے نہیں عالمی سطح پر،NICVD مفت علاج کا سب سے بڑا نیٹ ورک بلا تفریق رنگ و نسل عوام کو عالمی معیار کے مفت علاج کی سہولت پہنچانا ہمارامنشور
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلا تفریق رنگ، نسل اور مذہب عوام کو عالمی معیار کے علاج کی مفت سہولتیں پہنچانا میری جماعت کا منشور ہے ، سندھ میں عوامی حکومت نے صحت عامہ کا ایک ایسا پائیدار نیٹ ورک تشکیل دیا ہے ، جس کا مقابلہ کسی دوسرے صوبے سے نہیں بلکہ دنیا سے ہے ،سندھ میں صحت کا نظام بدل دیا ہے ، لاہور میں ایسی سہولتیں نہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے حکومت سندھ کے تعاون سے جدید تعمیر ہونے والی انڈس یونیورسٹی ہسپتال کی نئی عمارت کا افتتاح کیا اور کہا کہ کرسمس کے دن اس تاریخی منصوبے کا افتتاح ایک معنی رکھتا ہے ، تمام مذاہب یہ کہتے ہیں کہ آپ کو غریبوں ، بیماروں، کمزور طبقات کا خیال رکھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کو بلا امتیاز عالمی سطح کے علاج کی سہولتیں پہنچانے کے لئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا غریبوں کا خیال رکھنا پیپلز پارٹی کا سیاسی فلسفہ ہے ، روٹی، کپڑا اور مکان صرف ایک نعرہ نہیں، یہ ایک منشور ہے ، ایک نظریہ اور ایک سوچ ہے ، ہم سمجھتے ہیں حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ غریب ترین عوام کا خیال رکھا جائے ۔انہوں نے زور دیا کہ دیگر پسماندہ علاقوں کے عوام کو بھی عالمی معیار کی صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے اس پارٹنرشپ کو وسعت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے انڈس ہسپتال کے ساتھ ساتھ این آئی سی وی ڈی، ایس آئی یو ٹی، چائلڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن اور این آئی سی ایچ جیسے اداروں سے مل کر صوبے میں صحت عامہ کا نیٹ ورک تشکیل دیا ہے ۔ این آئی سی وی ڈٖی مفت علاج کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے ،ضلع سطح پر اس کی شاخیں ہونی چاہئیں۔