لاہور ایئرپورٹ پر دھند، حدنگاہ 50 میٹر، فلائٹس آپریشن متاثر

لاہور ایئرپورٹ پر دھند، حدنگاہ 50 میٹر، فلائٹس آپریشن متاثر

28پروازیں تاخیر کا شکار ، 6انٹرنیشنل فلائٹس کو اسلام آباد اتارلیاگیا مغربی ہوائیں آگئیں،لاہورسمیت کئی شہروں میں آج سے 2جنوری تک بارش

لاہور، اسلام آباد (اپنے سٹی رپورٹر سے ،اپنے رپورٹرسے ،نیوزایجنسیاں)شدیددھنداورخراب موسم کے باعث لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹس سے فلائٹس آپریشن بری طرح  متاثرہورہاہے جبکہ مری کی ضلع انتظامیہ اور ریسکیو 1122 نے خراب موسم کے باعث ہائی الرٹ جاری کر دیا،پانی سے بھرے بادلوں کیساتھ مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل ہوگئیں ،جس سے لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اس کے اطراف میں شدید دھند کے باعث رن وے پر حدِ نگاہ 50 میٹر ریکارڈ کی گئی، جس کے سبب متعدد پروازوں کی آمد و رفت میں خلل پڑا۔

بیرونِ ملک سے لاہور آنے والی 6پروازوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ اتار لیا گیا ۔دھند کے باعث لاہور آنے اور جانے والی 28سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جس کے باعث مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اطراف میں شدید دھند کے باعث فلائٹ آپریشن اور شیڈول جزوی طور پر متاثر ہوئے ۔ترجمان سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ پر پروازوں کی محفوظ آمدورفت کیلئے حد نگاہ کم سے کم 500 میٹر درکار ہوتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابقملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے جبکہ بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفبار ی کی توقع ہے۔

جڑواں شہروں میں بارش جبکہ شام کے بعد خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیراور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اوربرفبار ی کا امکان ہے ۔ شمال اورجنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی اضلاع میں شدید دھند کی توقع ہے ۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالعزیز نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ مغربی ہواؤں سے 2جنوری تک بارشیں ہوں گی جبکہ جنوری کے دوران بارشوں کے مزید دو سے تین سسٹمز کی آمد متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے پیش نظر ضلع انتظامیہ مری اور ریسکیو 1122 نے ہائی الرٹ جاری کیا جہاں بارش، برفباری، ژالہ باری اور آندھی کے جھکڑ چلنے کا قوی امکان ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں