سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کی سزا کیخلاف اپیل دائر

سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کی سزا کیخلاف اپیل دائر

میجرجنرل یا اوپر کے افسر کی زیر سربراہی کورٹ آف اپیلز جائزہ لے گی آرمی چیف کے پاس سزا کی توثیق،نظر ثانی یا اسے منسوخ کرنے کا اختیار

راولپنڈی (آئی این پی )سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید نے ملٹری کورٹ سے سنائی گئی اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کردی، ٹی وی کے مطابق فیض حمید کے وکیل میاں علی اشفاق نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہم نے فوجی عدالت کی طرف سے لیفٹیننٹ جنرل (ر)فیض حمید کو سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل دائر کردی ہے ، اپیل رجسٹرار کورٹ آف اپیلز، اے جی برانچ، چیف آف آرمی سٹاف کو جمع کرائی گئی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان آرمی ایکٹ کے سیکشن 133B کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل(ایف جی سی ایم) کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کے لیے فیض حمید کے پاس 40 دن کا وقت تھا۔اپیل کا جائزہ سب سے پہلے کورٹ آف اپیلز کے ذریعے لیا جاتا ہے جس کی سربراہی ایک میجر جنرل یا اس سے اوپر کا افسر کرتا ہے جو آرمی چیف کی جانب سے نامزد کیا جاتا ہے ، اس کے بعد آرمی چیف کے پاس سزا کی توثیق، اس پر نظر ثانی یا اسے منسوخ کرنے کا اختیار ہوتا ہے ۔خیال رہے فیض حمید کو 11 دسمبر کو فوجی عدالت نے رازداری کے قوانین کی خلاف ورزی، سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے ، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دوسروں کو نقصان پہنچانے سے متعلق چار الزامات میں قصوروار قرار دیتے ہوئے 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں