گمراہ لوگ ہتھیار ڈال دیں، ریاست کو رٹ بحال کرنا آتی ہے : سرفراز بگٹی
ریاست کے دروازے آپ کے لیے کھلے ہیں، بندوق اٹھانے والے واپس آجائیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی چیف آف بگٹی قبائل مقرر،بگٹی قبائل کے نواب کے بعد دوسرا اہم عہدہ چیف آف بگٹی ہے
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گمراہ لوگ ہتھیار ڈال دیں، ریاست کو اپنی رٹ بحال کرنا آتی ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے ، بلوچ کو لاحاصل جنگ میں ڈالا گیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بندوق کے ذریعہ کوئی مقصد حاصل نہیں کیا جاسکتا، ریاست کے دروازے آپ کے لیے کھلے ہیں، بندوق اٹھانے والے واپس آجائیں انہوں نے کہا کہ جہاں ظلم ہوگا میں وہاں کھڑا ہوں گا، شہدا کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، آزادی کی نام نہاد جنگ نے سب کچھ تباہ کردیا ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کو بگٹی قوم کا 8واں چیف آف بگٹی منتخب کر لیا گیا چیف کی دستاربندی کی تقریب ڈیرہ بگٹی میں وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی کے آبائی گھر پر ہوئی جس میں بگٹی قبائل کے عمائدین اور معزز شخصیات نے شرکت کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بگٹی قوم کی خدمت، انصاف اور اتفاقِ رائے ترجیحات اور ذمہ داری ہے ، علاقے میں دانش سکول کے لیے وزیراعظم کے مشکور ہیں سرفراز بگٹی نے کہاکہ دانش سکول کے ٹینڈرز ہو چکے ہیں، تکمیل جلد ہوگی، بلوچستان کے بچے بڑے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے آبائی علاقے بیکڑ میں بگٹی قبائل کے جرگے کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کو چیف آف بگٹی قبائل مقرر کر دیا گیا چند روز قبل وڈیرہ محمد شریف بگٹی کا انتقال ہوگیا تھا اس سے قبل اس منصب پر وزیر اعلی ٰکے چچا زاد بھائی وڈیرہ محمد شریف بگٹی فائز تھے وڈیرہ محمد شریف بگٹی کی وفات کے باعث جرگے نے وزیر اعلی ٰ سرفراز بگٹی کو چیف آف بگٹی مقرر کیا چیف آف بگٹی قبائل کا تعلق بگٹی قبیلے کی شاخ مسوری سے ہوتا ہے اور قبائلی لحاظ سے بگٹی قبائل کے نواب کے بعد دوسرا اہم عہدہ چیف آف بگٹی کا ہوتا ہے ، سرفراز بگٹی کے آبائی علاقے بیکڑ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ، سرفراز بگٹی کی دستار بندی کی رسم ان کے آبائی گھر بیکڑ میں ہی ادا کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق قبیلے کے معتبرین اور عمائدین کی رضامندی سے سرفراز کو بگٹی قبیلے کا نیا سربراہ منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بگٹی اقوام تعلیمی میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں۔