قومی اسمبلی قائمہ کمیٹیوں کے 6 ماہ میں 38 کروڑ کے اخراجات
افسران و ملازمین نے 6ماہ میں 3کروڑ 94لاکھ روپے اعزازی تنخواہیں وصول کیں پارلیمنٹ ہاؤس ،سیشن الاؤنسز ،پٹرول اورٹرانسپورٹ کی مدمیں8کروڑ 42لاکھ خرچ
اسلام آباد(ایس ایم زمان)قومی اسمبلی کی قا ئمہ کمیٹیوں کے دفاتر نے رواں مالی سال 2025-2026 کے 6ماہ میں38کروڑ37لاکھ روپے سے زیادہ اخراجات کیے ہیں، قومی اسمبلی قائمہ کمیٹیوں کے افسران و ملازمین نے 6ماہ میں 3کروڑ 94لاکھ روپے اعزازی تنخواہیں وصول کی ہیں،چیئرمین قائمہ کمیٹیوں کے دفاتر کے لیے کھانے کی مدمیں دسمبر تک1کروڑ31لاکھ روپے اخراجات ہوئے ہیں۔
چیئرمین قائمہ کمیٹیوں کے دفاتر نے رواں مالی سال کے 6ماہ میں پٹرول کی مدمیں2کروڑ 6لاکھ روپے اور ٹرانسپورٹ کی مد میں36لاکھ 40ہزار روپے ، بیرون ملک وفود پر چھ ماہ میں پندرہ لاکھ 78ہزار روپے سے زیادہ اخراجات کیے ہیں۔چیئرمین قائمہ کمیٹیوں کے ملازمین نے سپیشل پارلیمنٹ ہاؤس الاؤنس کی مد میں2کروڑ 84لاکھ روپے سے زیادہ، سیشن الاؤنس کی مدمیں تین کروڑ 14لاکھ روپے سے زیادہ وصول کیے ہیں۔ چیئرمین قائمہ کمیٹیوں اور افسران نے یوٹیلیٹی الاؤنسز، الیکٹرک سٹی کی مد میں دو کروڑ84لاکھ روپے وصول کیے ،چیئرمین قائمہ کمیٹیوں و افسران کے بیرون ملک تربیت کی مد میں 13 لاکھ 54ہزار روپے کے اخراجات ہوئے ہیں۔