کراچی:گرفتار دہشتگرد کی نشاندہی پر مزید 200کلو بارودی مواد برآمد
کراچی (سٹاف رپورٹر) بلدیہ ٹاؤن رئیس گوٹھ سے گرفتار دہشت کی نشاندہی پر مزید 200 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے دو سو کلو گرام دھماکہ خیز بارودی مواد بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے )سے تعلق رکھنے والے گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر برآمد کیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد بلدیہ ٹاؤن کے علاقے رئیس گوٹھ میں واقع ایک مکان سے برآمد کیا گیا، جہاں اسے ڈرموں میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔ یہ کارروائی گرفتار دہشت گرد ہمدان کی نشاندہی پر عمل میں لائی گئی۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی اطلاعات پر دیگر دہشت گرد گروہوں سے وابستہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ، جن سے تفتیش جاری ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی حساس اداروں نے اسی علاقے میں گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر 2 ہزار کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا تھا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد ہمدان خلیل اور اس کے ساتھیوں سے تفتیش کا عمل جاری ہے جبکہ برآمد کیے گئے دھماکہ خیز مواد کی نوعیت اور اس کے ممکنہ اہداف سے متعلق بھی تحقیقات کی جا رہی ہے ۔