وکیل قتل،اسلام آباد بارکا آج عدالتی بائیکاٹ کااعلان

وکیل قتل،اسلام آباد بارکا آج عدالتی بائیکاٹ کااعلان

اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے سینئر وکیل شیخ عبدالرؤف ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف شدید ردِعمل دیتے ہوئے آج مکمل ہڑتال اور ضلعی کچہری میں عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔

 بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں شیخ عبدالرؤف ایڈووکیٹ کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے ۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وکلا کی جان و مال کا تحفظ پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم موجودہ صورتحال میں پولیس اور متعلقہ ادارے وکلا کے تحفظ میں بظاہر ناکام نظر آ رہے ہیں۔ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ وکلا کے بہیمانہ قتل پر کسی قسم کی خاموشی برداشت نہیں کی جائے گی اور انصاف کے حصول تک احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے ۔ واضح رہے کہ شیخ عبدالرؤف ایڈووکیٹ کی لاش تھانہ آئی نائن کی حدود میں واقع اولڈ پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر زکے قریب سے برآمد ہوئی تھی، وکیل کو سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا، پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی ، مزید تفتیش جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں