پی ٹی آئی نے 9مئی دہرانے کی کوشش کی:سندھ حکومت

پی ٹی آئی نے 9مئی دہرانے کی کوشش کی:سندھ حکومت

پولیس پر پتھراؤ ہوا،میڈیا کی گاڑیاں توڑیں،ہماری شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھایا آخر وہ کس مشن پرتھے اس کا علم خدا ہی کو ہے :شرجیل میمن کی پریس کانفرنس

کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے دورہ کراچی میں9مئی جیسے واقعات دہرانے کی خطرناک کوشش کی، سندھ حکومت نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور پرچہ نہیں کاٹا، ہماری شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھایا گیا، 8 فروری کو پہیہ جام نہیں کرنے دیں گے ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا چند دن پہلے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلٰی یہاں آئے ،جیسے ہی ان کی آمد کی اطلاع ملی سندھ حکومت نے ان سے رابطہ کیا اور مکمل سکیورٹی اور سہولیات کی یقین دہانی کروائی، اس سے قبل ایک تھریٹ الرٹ موصول ہوا تھا، تاہم اسے عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا گیا تاکہ کوئی شرپسند اس صورتحال کا فائدہ نہ اٹھا سکے ، البتہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو اس ممکنہ خطرے سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔سندھ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ جلسے کی اجازت مانگی گئی۔

زبانی طور پہلے ہی اجازت دی گئی تھی، اجازت نامہ ملنے کے پانچ منٹ کے اندر پی ٹی آئی رہنماؤں کا بیان آیا کہ وہ باغ جناح میں جلسہ نہیں کریں گے ، سڑک پر کریں گے ، باغ جناح میں جلسے سے پہلے ٹریفک پولیس پلان بناتی ہے ، ناصر شاہ نے وزیر اعلیٰ کے پی کو آفر کی تھی کہ کسی چیز کی کمی ہے تو ہم دیں گے ، اگر لوگ بھی چاہئیں تو ہم دے دیں گے ۔شرجیل میمن نے کہا کہ ان لوگوں نے ایک دفعہ پھر 9 مئی جیسا واقعہ دہرانے کی کوشش کی، حکومت سندھ نے تحمل کا مظاہرہ کیا ،کوئی پرچہ نہیں کاٹا، پی ٹی آئی کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، میڈیا کی گاڑیاں توڑی گئیں، خواتین صحافیوں سے بدتمیزی کی گئی جو کہ ان کی روایت ہے ، ساری اس ذہن کی عکاسی ہے آپ کے لیڈر نے آپ کے ذہن میں صرف انتشار اور بغاوت کو پیدا کیا، ان سب باتوں کے باوجود سندھ حکومت نے ان کے خلاف پرچہ نہیں کاٹا، پی ٹی آئی کی انتشار اور ہمارے سیاست جمہوری ہے ، ہماری شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھایا گیا، حکومت نے صبر و تحمل سے کام لیا،ہم واضح کردیں کہ سندھ حکومت 8 فروری کو پہیہ جام نہیں کرنے دے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں