ہاؤسنگ اتھارٹی :رہائشی منصوبوں کیلئے ایک پائی جاری نہ ہوسکی
محکمانہ آپریشنل اخراجات ، ملازمین کی تنخواہوں و الاؤنسز پر 46 کروڑ روپے خرچ ہوئے
اسلام آباد (ایس ایم زمان)نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے گزشتہ ڈیڑھ مالی سال کے دوران تعمیراتی اور رہائشی منصوبوں کے لیے مختص دو ارب روپے کے بجٹ میں سے کوئی رقم جاری نہیں کی۔ اس عرصے میں اتھارٹی کے محکمانہ آپریشنل اخراجات اور افسران و ملازمین کی تنخواہوں و الاؤنسز کی مد میں مجموعی طور پر 46 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ۔وفاقی حکومت نے رواں مالی سال 2025-2026 کے بجٹ میں تعمیراتی منصوبوں کے لیے قرض، سبسڈی اور گرانٹ کی مد میں ایک ارب روپے مختص کیے ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ مالی سال 2024-2025 میں بھی اسی مد میں ایک ارب روپے رکھے گئے تھے تاہم دونوں مالی سالوں میں کسی بھی تعمیراتی یا رہائشی منصوبے کے لیے کوئی رقم جاری نہیں کی گئی۔دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال 2025-2026 کے پہلے چھ ماہ (دسمبر تک) کے دوران محکمانہ آپریشنل اخراجات اور افسران و ملازمین کی تنخواہوں و الاؤنسز کی مد میں 8 کروڑ روپے خرچ ہوئے جبکہ گزشتہ مالی سال 2024-2025 میں اسی مد میں 38 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اخراجات کیے گئے ۔نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ہاؤسنگ اور تعمیراتی منصوبوں کے لیے مختص ایک ارب روپے کے بجٹ میں سے بھی کوئی رقم استعمال نہیں کی۔