اسلام آباد میں پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح : وسائل موجود، ترقی کیلئے پرامن ماحول ضروری : وزیراعظم

اسلام آباد میں پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح : وسائل موجود، ترقی کیلئے پرامن ماحول ضروری : وزیراعظم

عوام کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیاررہناضروری،ایک چین پالیسی کے عزم پرقائم ،دونوں ملکوں کاتعلق غیرمتزلزل ہے افواج اور علما کے تعاون سے دہشتگردی ختم کرسکتے :خطاب ،گفتگو،شہبازشریف نے ریلوے کی بہتری کا روڈ میپ مانگ لیا

اسلام آباد (نامہ نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ عوام کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیاررہناضروری ہے، پاکستان کے پاس وسائل موجود ہیں لیکن ترقی کیلئے پرامن ماحول ضروری ہے ، افواج پاکستان اور مذہبی علما کے تعاون سے دہشتگردی کے خاتمے میں کامیاب ہوسکتے ہیں ۔وزیراعظم نے گزشتہ رو زاسلام آباد میں شہریوں کو آسان ، شفاف اور تیز ترین خدمات کی فراہمی کیلئے پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اس مرکز سے عوام کو بے پناہ آسانیاں اور مختلف محکموں سے متعلق خدمات فراہم کی جائیں گی،اسی طرح کے مراکز آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی قائم کئے جائیں گے ،عوام کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا آذربائیجان کے دورے کے دوران باکو میں خدمت مرکز کا دورہ کیا اورفیصلہ کیا کہ اس طرز کے ادارے پاکستان کے شہروں میں بھی قائم کریں گے ، اس سلسلے میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے غیرمعمولی تعاون پر شکر گزارہیں ،جدید ٹیکنالوجی آذربائیجان کی طرف سے ہمارے لئے تحفہ ہے ۔دریں اثنا آذربائیجان کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں آذربائیجان کے پبلک سروس اور سوشل سروس کے چیئرمین علوی مہدئیو اورپاکستان میں سفیر خضر فرہادوف بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے سیکٹر جی نائن میں قائم پہلے خدمت سنٹر کی جلد توسیع کی جائیگی،آذربائیجان کی حکومت پاکستان بھر میں آسان خدمت مراکز کے قیام میں بھرپور معاونت کرے گی۔آذربائیجان سفیر نے بتایا کہ اسلام آباد اور آذربائیجان کے مابین ہفتہ وار تین پروازوں کے علاوہ مارچ میں مزید ایک پرواز کا اضافہ کیا جارہا ہے ۔

قبل ازیں قومی پیغام امن کمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم سے ملاقات کی ،جس میں وفاقی وزرا بھی موجودتھے ۔شہباز شریف نے دوران گفتگو تشدد پسندی کے آغاز کو 1980 کے بعد افغانستان کے جنگی حالات سے جوڑا اور کہا کہ پاکستان کے پاس وسائل موجود ہیں لیکن ترقی کیلئے پرامن ماحول ضروری ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان اور مذہبی علما کے تعاون سے پاکستان قومی سطح پر دہشتگردی کے خاتمے میں کامیاب ہو سکتا ہے ۔انہوں نے زوردیاکہ پاکستان میں امن اور ہم آہنگی قائم رکھنے کیلئے مختلف طبقات اور اقلیتوں کو مثبت کردار ادا کرنا چاہئے ۔ شہباز شریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائی یان نے بھی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کیلئے دلی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے چین کے ساتھ پاکستان کی فولاد کی طرح مضبوط تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلق ہر حال میں غیر متزلزل رہے گا۔ وزیر اعظم نے ایک چین پالیسی کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔ بعدازاں سن ہائی یان کا میڈیا سے گفتگو میں کہناتھاکہ چین کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ، سی پیک کا پہلا مرحلہ بہت کامیاب رہا اب دوسرا مرحلہ شروع کر رہے ہیں۔ قبل ازیں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہبازشریف نے پاکستان ریلویز میں ادارہ جاتی اور انتظامی کارکردگی کو مزید موثر بنانے کیلئے انقلابی اقدامات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ پاکستان ریلویزبامعنی مشاورت کے بعد عملی اقدامات پر مشتمل روڈ میپ آئندہ ہفتے پیش کرے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی مجموعی ترقی، صنعت و تجارت اور دیگر شعبہ جات کی بہتری میں نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورت حکومت کی معاشی اصلاحات کا حصہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں