جوڈیشل کمیشن : لاہور ہائیکورٹ کے 11 ایڈیشنل جج مستقل، ایک کو توسیع دے دی
جسٹس عبہر گل، جسٹس سردار اکبر ،جسٹس حسن نواز ، جسٹس وقار ، جسٹس احسن رضا،جسٹس جاوید اقبال کی مستقلی جسٹس جواد ظفر،جسٹس خالد اسحاق ،جسٹس اویس خالد ،جسٹس سلطان محمود ،جسٹس تنویر احمد بھی مستقل جج مقرر ایڈیشنل جج جسٹس طارق محمود باجوہ کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع ، جسٹس راجہ غضنفر علی کو مستقل نہیں کیاگیا
لاہور،اسلام آباد (کورٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)جوڈیشل کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ میں تعینات 13 میں سے 11 ایڈیشنل ججوں کو مستقل کردیا ،جسٹس طارق محمود باجوہ کی مدت ملازمت میں چھ ماہ کی توسیع کردی گئی جبکہ جسٹس راجہ غضنفر کومستقل نہ کیا گیا۔ مستقل ہونے والے لاہور ہائیکورٹ کے 11ججز میں جسٹس عبہر گل خان ، جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر،جسٹس حسن نواز مخدوم ، جسٹس وقار حیدر اعوان ، جسٹس سید احسن رضا،جسٹس جاوید اقبال ،جسٹس جواد ظفر،جسٹس خالد اسحاق ،جسٹس ملک اویس خالد ،جسٹس سلطان محمود اورجسٹس تنویر احمد شیخ شامل ہیں،ایڈیشنل جج جسٹس طارق محمود باجوہ کو 6 ماہ کی توسیع دے دی گئی جبکہ جسٹس راجہ غضنفر علی کو مستقل نہیں کیاگیا،ایڈیشنل ججز کی مستقلی کے معاملے پرجوڈیشل کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا،اجلاس کی سربراہی چیف جسٹس یحیی آفریدی نے کی، اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم بھی شریک ہوئیں،وفاقی وزیر قانون اور اٹارنی جنرل پاکستان بھی اجلاس میں شریک ہوئے ، ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے دو ممبران جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں مسلسل غیر حاضر ہو رہے ہیں۔13 میں سے 9 ایڈیشنل جج 10 فروری 2025 کو تعینات کئے گئے تھے ۔