اوورسیز نے ہر مشکل میں وطن کا ساتھ دیا
لاہور(سپیشل رپورٹر) گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار اہم ہے ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ہر مشکل گھڑی میں وطن عزیز کا ساتھ دیا۔
مفاہمت کی بجائے جلائو گھیرائو، انتشار کی سیاست پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے ،بھارت کیخلاف معرکہ حق کی کامیابی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ فرانس کے دوران پیرس میں پاکستا ن بزنس فورم فرانس و یورپ کے چیئرمین سردار ظہور اقبال اورسمندرپار پاکستانیوں کی جانب سے ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔تقریب میں پاکستان کے سفارتخانے کے افسروں اور فرانسیسی وفود سمیت اوورسیزپاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے فرانس میں مقیم پاکستانیوں کو پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام بھی پہنچایا۔تقریب سے خطاب میں گورنر سلیم حیدر خان نے کہا پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی تو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی قبضہ مافیا گروپ سے متعلق شکایات اور دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔