عمران سے ملاقات کیلئے پی ٹی آئی کے 14سینیٹرز کا ہائیکورٹ سے رجوع
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کرانے کے لئے تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کی قید تنہائی ختم کرنے کا حکم دے ، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے ، درخواست میں محکمہ داخلہ پنجاب ، اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کوفریق بنایا گیا ہے ۔ سینٹر علی ظفر سمیت 14 سینیٹرز نے درخواست دائر کی ۔ تحریکِ انصاف کے سینیٹرز اور مرکزی قیادت پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچی جہاں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور بانی پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کے مقدمات سماعت کے لیے مقرر کرانے سے متعلق قانونی کارروائی پر غور کیا گیا۔ پی ٹی آئی سینیٹرز کے وفد میں راجہ ناصر عباس، بیرسٹر علی ظفر، مشال یوسفزئی، فیصل جاوید خان اور سینیٹر اعظم سواتی شامل تھے ۔دوسری جانب بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے مقدمات سماعت کے لیے مقرر کرانے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سابق سپیکر اسد قیصر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے ملاقات کی درخواست دی تاہم ملاقات نہ ہو سکی۔