کابینہ نے مجھے امن بورڈ میں شمولیت کا اختیار دیا، غزہ میں امن ہوگا : شہباز شریف
فلسطینیوں کو اب عزت اور وقار کے ساتھ ان کے حقوق ملیں گے ،غزہ کی تعمیر نو ہوگی، ڈیووس کا بہت اچھا دورہ ،ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات شاندار رہی:وزیراعظم ٹرمپ نے پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،پاک بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا:لندن میں گفتگو،ماہرین ڈیجیٹل کرنسی سے ملاقات
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا امن بورڈ میں اس امید کے ساتھ شمولیت اختیار کی کہ غزہ میں امن قائم ہوگا،پاکستان کو غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کی دعوت ملی تھی، وفاقی کابینہ نے غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کا اختیار دیا۔لندن میں میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا امید ہے اب فلسطینیوں کو عزت اور وقار کے ساتھ ان کے حقوق ملیں گے اورغزہ کی تعمیر نو ہوگی۔وزیراعظم نے کہا ڈیووس کا بہت اچھا دورہ رہا، ڈیووس میں آئی ایم ایف کے ایم ڈی سے ملاقات شاندار رہی۔
انہوں نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کو سراہا ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ٹرمپ سے ملاقات میں پاک بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا، جنگ رکنے سے جنوبی ایشیا کے لاکھوں کی زندگیاں بچ گئیں، ٹرمپ نے پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف ڈیووس سے گزشتہ شام لندن پہنچے تھے ، وہ لندن میں پاکستان ہائی کمیشن گئے جہاں ان کی بزنس کمیونٹی اور ڈیجیٹل کرنسی کے ماہرین سے میٹنگ ہوئی۔میٹنگ میں کرپٹو کونسل پاکستان کے سی ای او بلال بن ثاقب بھی شریک ہوئے جبکہ سابق ایم پی اے ڈاکٹر اشرف چوہان نے بھی شرکت کی۔