میو ہسپتال کے انتظامی مسائل جوں کے توں، سی ای او فارغ
ادویات کی قلت ،ڈاکٹرزکی کمی ،او پی ڈیز اور وارڈز میں شکایات سامنے آئیں پروفیسر ڈاکٹر محمد ہارون حامد کی جگہ پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب نبی سی ای اومقرر
لاہور (ہیلتھ رپورٹر )میو ہسپتال لاہور میں ادویات کی قلت، ڈاکٹرز کی کمی اور دیگر انتظامی مسائل جوں کے توں ہیں ،جس پر پنجاب حکومت نے چیف ایگزیکٹو آفیسرمیوہسپتال کو عہدے سے ہٹا دیا ۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر محمد ہارون حامد کو فوری طور پر اپنے عہدے سے ہٹا کر محکمہ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق میو ہسپتال میں طویل عرصے سے مریضوں کو ادویات کی عدم دستیابی، ڈاکٹرز کی کمی، او پی ڈیز اور وارڈز میں بدانتظامی سمیت متعدد شکایات سامنے آ رہی تھیں۔روزنامہ دنیاکی جانب سے ان مسائل کو مسلسل اجاگر کیا گیا، جس کے بعد پنجاب حکومت نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے فوری ایکشن لیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب نبی کو میو ہسپتال لاہور کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا ہے ۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے حکام کا کہنا ہے کہ میو ہسپتال میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی، ادویات کی دستیابی اور انتظامی امور کی بہتری اولین ترجیح ہے ، اور نئی انتظامیہ سے فوری اصلاحات کی توقع کی جا رہی ہے۔