خطے میں امن کی کنجی پاک افغان تعلقات کی بحالی :حافظ نعیم
اسلام آباد اور کابل مذاکرات کریں ، پختونخوا میں فوجی آپر یشن مسائل کا حل نہیں عوام بھیڑبکریاں نہیں کہ حکمران جو کہیں مان لیں:پشاور میں اجتما ع سے خطاب
لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور کابل مسائل کا حل مذاکرات سے نکالیں،خطے میں امن کی کنجی پاک افغان تعلقات کی بحالی میں ہے ،پاکستان کا ٹرمپ کے نام نہاد غزہ امن بورڈ میں شمولیت کا فیصلہ کسی صورت قبول نہیں، فیصلہ پر قوم کو اعتماد میں لیا گیا نہ ہی معاملہ وفاقی کابینہ میں زیرِ غور آیا، پچیس کروڑ عوام بھیڑ بکریاں نہیں کہ حکمران جو فیصلہ کریں قوم من و عن تسلیم کرلے۔
مرکز الاسلامی پشاور میں جمعیت طلبہ عربیہ کے مرکزی سالانہ تین روزہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ خیبر پختوانخوا اور ضم شدہ قبائلی علاقوں میں فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں، افغانستان کی سرزمین کسی صورت بھی پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ مشرف کی پالیسیوں کا خمیازہ پاکستانی قوم آج تک بھگت رہی ہے ، امریکا کی جنگ میں شمولیت سے ہماری مغربی سرحد غیر محفوظ ہوگئی۔
مشرف کے بعد آنے والے حکمرانوں نے ملبہ سابق حکومت پر ڈال دیا، اب پھر ٹرمپ کی چاپلوسی ہورہی ہے ، وہی ٹرمپ جو علی الاعلان حماس کو غیر مسلح کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے، فلسطینیوں کو اپنے دفاع سے بھی محروم کیا جارہا ہے ، حکمران ہوش کے ناخن لیں ، ہم نہیں چاہتے پاکستان کسی عالمی طاقت سے ٹکر لے لیکن قومی خود مختاری اور سالمیت کو گروی بھی نہیں رکھا جاسکتا، پاکستان ایٹمی طاقت ہے ، امریکہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔