چینی کی خوردبرد ،نیب کا ٹی سی پی افسران کیخلاف ریفرنس دائر

چینی کی خوردبرد ،نیب کا ٹی سی پی  افسران کیخلاف ریفرنس دائر

کراچی (سٹاف رپورٹر)قومی احتساب بیورو کراچی نے سری شوگر مل مالکان اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے افسران کے خلاف چینی کی مبینہ خوردبرد کی تحقیقات کے بعد احتساب عدالت کراچی میں ریفرنس دائر کر دیا ہے ۔

 نیب کراچی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزارتِ تجارت نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے حاصل کی گئی 5365 میٹرک ٹن چینی کی مبینہ خوردبرد سے متعلق چیئرمین نیب کو شکایت ارسال کی تھی۔ مذکورہ معاملہ بعد ازاں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نوٹس میں بھی آیا، جس پر کمیٹی نے معاملہ تحقیقات کے لیے نیب کے سپرد کر دیا۔شکایت کی بنیاد پر نیب کراچی نے قومی احتساب آرڈیننس کی متعلقہ دفعات کے تحت چینی کی خوردبرد اور غبن کے الزامات پر انکوائری شروع کی۔ انکوائری کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ملزموں نے مبینہ طور پر ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے افسران کی ملی بھگت سے اس جرم کا ارتکاب کیا۔

نیب کے مطابق تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزموں کے اقدامات کے باعث قومی خزانے کو تقریباً 959.758 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب حکام کے مطابق انکوائری مکمل ہونے کے بعد معاملے کو باقاعدہ تحقیقات میں تبدیل کیا گیا، جس کے بعد نیب کراچی نے احتساب عدالت کراچی میں ملزموں کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا۔ ترجمان نیب کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیب کراچی شکیل احمد درانی نے تحقیقاتی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے لوٹی گئی رقم کی وصولی اور بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ادارے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں