امن سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی :اے سی نوشکی

 امن  سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش  ناکام بنائی جائے گی :اے سی نوشکی

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر نوشکی ماریہ شمعون نے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کو واضح اور دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی ،دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔

 انہوں نے کہا کہ 31 جنوری کو بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے غیرمتزلزل عزم اور بروقت کارروائی نے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا یا ۔ انہوں نے فتنہ الہندوستان کی جانب سے کئے گئے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے پر پاک فوج اور ایف سی سے بھرپور اظہارِ تشکر کیا اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 31 جنوری کو فتنہ الہندوستان نے ہمارے گھروں کا محاصرہ کرکے ڈپٹی کمشنر نوشکی محمد حسین اور ان کے اہلِ خانہ کو یرغمال بنا کر ہمارے حوصلے پست کرنے کی مذموم کوشش کی، تاہم دشمن کو ناکامی اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اپنی اور اہلِ خانہ کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، کور کمانڈر کوئٹہ اور آئی جی ایف سی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر قسم کے حالات میں عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں