قومی اسمبلی:میڈیا،رئیل اسٹیٹ سے متعلق3اہم بلز منظور:کورم پورانہ ہونے پر اجلاس پیر تک ملتوی
قیصراحمدشیخ ، و جیہہ قمر نے پیمرا ،سینٹرز آف ایکسیلنس، رئیل سٹیٹ مینجمنٹ اتھارٹی بل پیش کیا ، ایوان نے شق وار منظوری دی بزرگ شہری ترمیمی بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش ، عالیہ کامران نے کورم کی نشاندہی کی ، دوسری بار گنتی پر بھی کورم پورا نہ ہوا
اسلام آباد(نامہ نگار، سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی میں میڈیا اور رئیل اسٹیٹ سے متعلق تین اہم بلز کی منظوری دیدی گئی ، تاہم حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی جس کے باعث اجلاس پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کردیا گیا ،جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا ۔ اجلاس میں وزیر مملکت جیہہ قمر نے سینٹرز آف ایکسیلنس ترمیمی بل 2026 اور فیڈرل گورنمنٹ رئیل سٹیٹ مینجمنٹ اتھارٹی بل 2026 پیش کیا ۔ وفاقی وزیرقیصراحمدشیخ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیاریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی بل اور ایسوسی ایٹڈپریس آف پاکستان ترمیمی بل 2025 زیرغورلانے کی تحریک پیش کی۔
اجازت ملنے پرانہوں نے بل پیش کیا جس کے بعد ایوان نے بل کی شق وارمنظوری دے دی۔وفاقی وزیرقیصراحمدشیخ نے اخباری ملازمین (شرائط ملازمت)ترمیمی بل 2025 زیرغورلانے کی تحریک پیش کی، اجازت ملنے پر بل پیش کیاگیا ۔ ایوان نے اس بل کی بھی شق وارمنظوری دی۔ اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت کے بزرگ شہری ترمیمی بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔اسی دوران جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن اسمبلی عالیہ کامران نے کورم کی نشاندہی کردی ،کورم پورا نہ ہونے پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس کی کار روائی ملتوی کردی۔ بعدازاں دوبارہ اجلاس شروع ہوا تو ڈپٹی سپیکر نے گنتی کروانے کی ہدایت کی جس پر کورم پھر بھی پورا نہ ہوا تو ڈپٹی سپیکر نے اجلاس پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کردیا