پارلیمنٹ کا ان کیمرہ مشترکہ اجلاس بلایا جائے :اے این پی
تیراہ اور بلوچستان میں دہشتگردی کے معاملے پر پارلیمان کواعتماد میں لیا جائے بلوچستان میں حملوں کو پسپا کیا گیا مگرسنگین خطرات اب بھی موجود :ایمل ولی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقے تیراہ اور بلوچستان کی صورتحال پر پارلیمان کا ان کیمرہ مشترکہ اجلاس بلایا جائے ۔اے این پی کے صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ تیراہ اور بلوچستان پر پارلیمان کا ان کیمرہ مشترکہ اجلاس بلایا جائے ، معمولی قانون سازی پر اجلاس ہو سکتا ہے تو ان سنگین مسائل پر کیوں نہیں؟، تیراہ کے عوام کی جانیں اور مستقبل داؤ پر ہے ، مسئلہ آپریشن نہیں بلکہ دہشتگردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تیراہ کے حوالے سے مرکزی اور صوبائی حکومتوں کا رویہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہوچکا ہے ، سنجیدگی اختیار کرنے کے بجائے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالی جا رہی ہے ، بند کمروں میں فیصلے کیے گئے اور عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حالیہ واقعات کسی صورت معمولی نہیں ہیں، اس پر سنجیدگی دکھائی جائے ، بیک وقت مختلف مقامات پر حملے انٹیلیجنس کی سنگین ناکامی کی نشان دہی کرتا ہے ، حملوں کو پسپا کیا گیا، مگرسنگین خطرات اب بھی موجود ہیں۔