اسحاق ڈار کا ترکیہ اور ایرانی وزرائے خارجہ سے رابطہ
عراقچی اورہاکان سے علاقائی و عالمی حالات پر گفتگو، ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق امریکی تنظیموں کے مشترکہ وفد کی ملاقات، باہم دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(وقائع نگار)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلیفونک رابطے کئے اور ہم منصبوں سے علاقائی و عالمی حالات پر گفتگو کے دوران ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور عباس عراقچی نے علاقائی حالات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دونوں ہم منصبوں نے قریبی رابطے اور ہم آہنگی جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دریں اثنا وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے ساتھ بھی ٹیلیفونک گفتگو کی۔ دونوں رہنمائو ں نے علاقائی اور بین الاقوامی حالات پر تبادلہ خیال کیا، باہمی دلچسپی کے امور پر بات کی اور قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔علاوہ ازیں اسحاق ڈار سے اکنامک پاکستان امریکن کونسل اور یونائیٹڈ مسلم امریکن ایسوسی ایشن کے مشترکہ وفد نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارت اور معاشی تعاون کو مضبوط بنانے میں امریکی نجی شعبے کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے میں سول سوسائٹی تنظیموں کے کلیدی کردار پر بھی زور دیا۔