سہیل آفریدی جس دن پرامن احتجاج پر آئیں گے تب عمران سے ملاقات ہو گی: رانا ثنا اللہ
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی جس دن پرامن احتجاج پر آئیں گے تب عمران خان سے ملاقات ہو جائے گی۔
دنیا نیوز کے پروگرام’ دنیا مہر بخاری‘ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ میں نے باجوہ کو اس وقت کہا آپ نے جو میرے خلاف کیس بنایا میرا رب حساب لے گا، جنرل (ر) باجوہ نے اُس وقت کہا کہ وہ کیس میں نے نہیں بنایا تھا، اُس تقریب میں میری باجوہ سے تلخی ہوئی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ خبر سنی ہے کہ جنرل (ر) باجوہ گرے ہیں لیکن یہ اُدھوری خبر ہے، واش روم میں گرنے سے اتنی گہری چوٹ نہیں آسکتی۔
وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر کا کہنا تھا کہ سلمان صفدر فرینڈ آف کورٹ کی حیثیت سے جیل ملاقات کرنے گئے، سپریم کورٹ نے سلمان صفدر کو فرینڈ آف کورٹ مقرر کیا، یہ سپریم کورٹ کا اپنا ایک اعتماد ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت کا موقف ہےبانی پی ٹی آئی کوتمام سہولیات میسرہیں، محمود اچکزئی نے بانی سے ملاقات بارے ابھی تک عدالت سےرجوع نہیں کیا،8 فروری کی کال پر یہ کچھ نہیں کر سکے، عوام اب اِس طرح کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی جس دن پرامن احتجاج پرآئیں گے اس دن ملاقات بھی ہو جائے گی، اُنہیں فی الحال ملاقات نہیں لانگ مارچ یا موت چاہیے، وہ جب مہم جوئی سے واپس آجائیں پھر ملاقات بھی ہو جائے گی۔