آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر حملے کے بعد لاپتا اردنی ملاح کی تلاش جاری

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات اور عمان آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہاز پر حملے کے بعد لاپتا ہونے والے اردنی ملاح کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ خطے میں بحری سلامتی کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

آبنائے ہرمز میں 16 نومبر سے تجارتی جہازوں پر حملوں کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، مشترکہ مرکز برائے بحری معلومات کے مطابق اب تک 7 تیل بردار جہاز حملوں کی زد میں آ چکے ہیں، جن میں سے تین جہاز 20 اور 21 نومبر کے دوران عمان کے ساحل کے قریب نشانہ بنے۔

تازہ ترین حملوں میں آبنائے ہرمز سے باہر جانے والے تیل بردار جہازوں کو عمان کے علاقے خصب سے 8 سے 17 بحری میل کے فاصلے پر نشانہ بنایا گیا، ان میں سے دو جہازوں پر تقریباً 50 منٹ کے وقفے سے حملے ہوئے۔

مرکز کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں، جن میں تجارتی جہازوں کے اوپر ڈرونز کی پروازیں، نگرانی اور بعض اوقات ریڈیو کے ذریعے انتباہات شامل ہیں، تاہم ایران کی جانب سے تیل بردار جہازوں کے بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے دعووں کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔

لاپتا اردنی ملاح کی تلاش کی قیادت متحدہ عرب امارات اور عمان کر رہے ہیں، تاہم حکام نے تاحال ملاح کی شناخت، حملے کا نشانہ بننے والے جہاز یا تلاش میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔

ادھر برطانوی ادارے برائے بحری تجارتی آپریشنز نے بھی خلیج عمان میں ایک تیل بردار جہاز اور فوجی دستوں سے متعلق واقعے کی اطلاع دی ہے، ادارے کے مطابق متعلقہ حکام واقعے سے آگاہ ہیں اور اس کی تحقیقات جاری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...