ترکیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 ناکام، سیاسی معاہدہ نہ ہوسکا

استنبول: (دنیا نیوز) ترکیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 کسی سیاسی معاہدے کے بغیر ختم ہوگئی، جس کے بعد عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے تین دہائیوں سے جاری سفارتی عمل کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

مذاکرات کی ناکامی کی بڑی وجوہات میں امریکا کی عدم شرکت اور تیل پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے فوسل فیول کے استعمال میں کمی سے متعلق تجاویز کی مخالفت شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے موسمیاتی سربراہ سائمن اسٹیل نے کانفرنس کے نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لئے ماہرین سے مشاورت کی جارہی ہے۔

ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے چھوٹے جزیرہ نما ممالک نے عالمی برادری کی سست روی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ عالمی کانفرنسیں مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہی ہیں تاہم قابلِ تجدید توانائی میں سرمایہ کاری تیزی سے بڑھ رہی ہے اور کئی ممالک اب موسمیاتی اہداف کے حصول کے لیے چھوٹے بین الاقوامی اتحاد تشکیل دے رہے ہیں۔

ماحولیاتی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی اتفاق رائے کا موجودہ نظام اصلاحات کا متقاضی ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عالمی کوششوں کی اہمیت برقرار ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...